ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بابا صدیقی قتل کیس: ایس آر اے پروجیکٹ کے ممکنہ تعلق پر پولیس کی تحقیقات شروع

بابا صدیقی قتل کیس: ایس آر اے پروجیکٹ کے ممکنہ تعلق پر پولیس کی تحقیقات شروع

Thu, 07 Nov 2024 16:54:56  SO Admin   S.O. News Service

ممبئی ،7/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)بابا صدیقی کے قتل کے معاملے میں اب تک ان کا سلمان خان سے قریبی تعلق موضوعِ بحث تھا، اور یہ قیاس کیا جا رہا تھا کہ لارنس بشنوئی نے اسی دوستی کی وجہ سے ان پر حملہ کیا۔ تاہم، اب کیس میں ایک نیا پہلو سامنے آیا ہے۔ ممبئی کرائم برانچ نے اس قتل کے پسِ پردہ محرکات جاننے کے لیے ایس آر اے (سلم ریہبلیٹیشن اتھارٹی) پروجیکٹ کے حوالے سے بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

کرائم برانچ نے بابا صدیقی کے قتل کے چند دن بعد ایس آر اے اتھارٹی سے باندرہ میں جاری ایس آر اے منصوبوں کے حوالے سے معلومات طلب کی تھیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق بابا صدیقی کے بیٹے ذیشان صدیقی نے اشارہ دیا تھا کہ ان کے والد کے قتل کے پیچھے ایس آر اے پروجیکٹ کا تنازعہ بھی شامل ہو سکتا ہے۔ ذیشان نے اپنے والد کے قتل کے چند دن بعد ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ ان کے والد نے کمزور افراد کے حقوق اور ان کے گھروں کی حفاظت کی خاطر اپنی جان دی۔

اس بیان کے بعد کرائم برانچ نے ایس آر اے افسران کو خط بھیجا جس میں باندرہ علاقے میں جاری تمام ایس آر اے منصوبوں کی تفصیلات مانگی گئیں۔ ایس آر اے حکام نے جواب دیتے ہوئے اس مخصوص علاقے میں جاری تمام منصوبوں کی معلومات فراہم کی ہیں اور پولیس اب ان منصوبوں کی دستاویزات کا جائزہ لے رہی ہے۔

مزید برآں، بابا صدیقی اور ان کے بیٹے ذیشان صدیقی کچھ ماہ قبل باندرہ-کرلا کمپلیکس (بی کے سی) کے علاقوں میں دو سلم ریہبلیٹیشن پروجیکٹس، سنت گیانیشور نگر اور بھارت نگر کے خلاف احتجاج بھی کر رہے تھے۔ ان کے بقول، وہاں رہنے والوں کو یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ ریہبلیٹیشن کے بعد انہیں کس سائز کا مکان دیا جائے گا۔


Share: